ممبئی ، 29؍جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )شیوسینا نے بی جے پی پر شدید حملہ بولتے ہوئے اسے غنڈوں کی پارٹی بتایا ہے۔پارٹی لیڈر سنجے راؤت کا الزام ہے کہ بی جے پی نے اپنی پارٹی میں غنڈوں کی فوج بھر رکھی ہے ۔ہندوتو اور رام مندر کے معاملے پر بھی انہوں نے بی جے پی کو گھیرا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کے دنوں میں ہی بی جے پی کو رام مندر اور بھگوان رام کی یاد آتی ہے، اس کے بعد انہیں بن باس میں بھیج دیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے مہاراشٹر حکومت پر بھی حملہ بولا ہے۔انہوں نے مہاراشٹر حکومت پر گھوٹالوں میں شامل ہو نے کا الزام لگایا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن کے اپنے گھر شیشے کے ہوتے ہیں وہ دوسروں پر پتھر نہیں پھینکا کرتے ہیں۔اس کے علاوہ شیوسینا نے اپنے ترجمان اخبار’ سامنا‘ میں بھی بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ ہندوتو کو بھول گئی ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ جو بی جے پی کبھی ہندتو اور ایودھیا میں بھگوان رام کا مندر بنانے کے نام پر اقتدار میں آئی تھی، وہی بی جے پی اب مہاراشٹر سے اسے ہی نکالنے میں لگی ہوئی ہے۔اپنے ترجمان کے ذریعے شیوسینا نے مہاراشٹر حکومت کے اس فیصلہ کی بھی تنقید کی ہے جس میں ریاست کے وزیر اعلی نے کسی بھی سرکاری آفس، حکومت کی کسی بھی وزارت میں یا اسکول میں ہندودیوی دیوتاؤں کی تصاویر نہ لگانے کی ہدایت دی ہے۔اس فیصلہ کی شیوسینا کے وزراء نے کھل کر مخالفت کی ہے۔اداریہ میں پارٹی کو ہیرا بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے لوگوں کی کمپنی نہیں ہے جو اپنی ہی ریاست کے وقار کو کھا جائے اور اس کو پاؤں کے نیچے کچل کر رکھ دے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ چھترپتی شیواجی نے کبھی بھی مذہب پر سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ ہی مذہب کا ساتھ دیا۔ انہوں نے ہندو دیوی ،د یوتاؤں کو مغلوں سے بچانے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا،لیکن موجودہ حکومت مغلوں جیسا ہی برتاؤ کام کر رہی ہے اور حکومت چلا رہی ہے، یہ حکومت اپنے ہی دیوتاوں پر حملے کر رہی ہے۔شیوسینا نے اپنے اس اداریہ میں فڑنویس حکومت پر حملہ بولتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ حکومت اپنے مذہب اور دیوی دیوتاؤں کو بچانے کے لیے کچھ نہیں کر رہی ہے۔اداریہ میں مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر حکومت پر بھی نشانہ سادھاگیا ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ یہ حکومت کشمیری پنڈتوں کے لیے کچھ نہیں کر رہی ہے۔شیوسینا نے اس کے لیے جموں و کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی کو پوجا کرنے کی بھی صلاح دی ہے۔اداریہ میں کہا گیا ہے وزیر اعلی مفتی محبوبہ صرف اپنی سیٹ بڑھانے کے مقصد سے کام کر رہی ہیں ،وہ صرف اپنے مذہب کو فروغ دینے کے مقصد سے کام کر رہی ہیں۔اس میں گزشتہ دنوں وزیر اعظم مودی کی طرف سے بحیرہ عرب میں شیواجی میموریل کا سنگ بنیاد رکھنے پر بھی طنز کستے ہوئے اس کو سیاسی فائدے کے لیے اٹھایا گیا قدم قرار دیا ہے۔غورطلب ہے کہ ممبئی میں ہونے والے بی ایم سی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں شیوسینا نے بی جے پی کو چھوڑکر دیگر پارٹیوں سے اتحاد کرلیا ہے۔بی جے پی -شیوسینا کے درمیان اس انتخابات کے لیے اتحاد نہ ہونے کو لے کر مایوسی اور شیوسینا کا غصہ اس سے پہلے بہی کئی مواقع پر سامنے آیا ہے۔